اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک انکشافات کیے ہیں۔ مریم ریاض وٹو کے مطابق آج ان کی فیملی کی بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی، جس دوران بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
مریم ریاض وٹو نے بتایا کہ ملاقات سے قبل بشریٰ بی بی کی عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق صورتحال مزید واضح ہوئی۔ ان کے مطابق عمران خان کی متاثرہ آنکھ انجکشن لگنے کے باوجود دس فیصد بھی بہتر نہیں ہو سکی، جو ایک سنجیدہ طبی تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری اور مناسب طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے، جبکہ ذاتی معالج تک رسائی اب تک یقینی نہیں بنائی گئی۔ مریم ریاض وٹو نے مطالبہ کیا کہ عمران خان تک فوری طور پر ان کے ذاتی ڈاکٹر کی رسائی دی جائے تاکہ ان کا درست اور بروقت علاج ممکن ہو سکے۔
انہوں نے پی ٹی آئی قیادت سے بھی اپیل کی کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر عدالتوں سے رجوع کیا جائے اور اس مسئلے کو انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کے سامنے اٹھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک سیاسی معاملہ نہیں بلکہ انسانی ہمدردی اور بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔مریم ریاض وٹو کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اس وقت مناسب، فوری اور مؤثر طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہے، اور کسی بھی قسم کی تاخیر ان کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں :سولر صارفین کیلئے بری خبر،نیٹ میٹرنگ کا نظام ختم ، نیٹ بلنگ کا نیا نظام نافذ















