کراچی (اے بی این نیوز) ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث زیورات خریدنے والے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 300 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 24 ہزار 762 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 544 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 49 ہزار 898 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کا بڑھنا اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں فی اونس سونا 53 ڈالر بڑھ کر 5,020 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ عالمی سطح پر مہنگائی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات بتائی جا رہی ہیں۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 346 روپے اضافے کے بعد 8,615 روپے ہو گئی ہے، جس سے چاندی کے زیورات اور دیگر مصنوعات بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں :وفاق کی فاٹا کو بڑی پیشکش















