اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دو طرفہ تعلقات، کرکٹ اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکن صدر نے گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ پاکستان کو پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کی اور ہر موقع پر سری لنکا کے ساتھ کھڑا رہا۔
سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دہشتگردی کے باوجود کرکٹ کھیلنے کے لیے دورے جاری رکھے، جو کھیل کے فروغ اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی مشکل ادوار میں سری لنکا کی جانب سے ملنے والی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کر کے ایک ناقابل فراموش اقدام اٹھایا، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شیڈول کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی سی سی سے اپنی شرائط منوالیں اور عالمی سطح پر پاکستان سے بار بار درخواست کے بعد بھارت سے میچ کھیلنے کا فیصلہ سامنے آیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا اور دنیا کو اپنی کرکٹ اہمیت کا قائل کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی سی سی میں بنگلہ دیش کا مقدمہ بھی بھرپور انداز میں اٹھایا، جس پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے حمایت پر بھرپور شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہنے پر وہ مشکور ہیں۔
مزید پڑھیں عمران خان پاکستان کی خاطر جیل میں ہیں، نعیم حیدر پنجوتھہ















