اہم خبریں

تین دن کی بسنت کے بعد لاہور میں خوشیوں کا سماں ہے،مریم نواز

لاہور(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم ایک قوم بن کر دہشتگردی اور خوف کے خلاف کھڑے ہوں گے اور کسی کو ہماری خوشیوں، تہذیب اور ثقافت پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 25 سال بعد بسنت کی رونقوں کی بحالی ایک تاریخی لمحہ تھا، جس میں لاہوریوں کو برسوں بعد اپنی چھتوں پر خوشیاں مناتے دیکھا گیا۔ خاندانوں، بچوں اور بزرگوں نے کھلے آسمان تلے فیملی ٹائم انجوائے کیا اور شہر ایک بار پھر رنگوں سے بھر گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بسنت نے نئی نسل کو لاہور کی تاریخی اور ثقافتی روایات سے روشناس کرایا، بہت سے بچوں نے پہلی بار اندرون لاہور کی اصل ثقافت کو قریب سے دیکھا۔ یہ تہوار لوگوں کو جوڑنے اور پنجاب کی ثقافت کو زندہ کرنے کا ذریعہ بنا، اور یہی بسنت کی بحالی کا اصل مقصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کر کے خوشی اور زندگی کا انتخاب کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کی بحالی کا کریڈٹ نواز شریف کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تہوار کو جوڑنے اور خوشیاں بانٹنے کا وژن دیا۔ اللہ کے فضل سے بسنت اپنے تمام مقاصد میں مکمل کامیاب رہی۔ انہوں نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، پولیس ٹیموں اور سیف سٹی اتھارٹی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے بسنت کو محفوظ بنایا گیا۔ لاہور اور پنجاب کے عوام، حتیٰ کہ بیرونِ ممالک سے آنے والے مہمانوں نے بھی ایس او پیز کی مکمل پابندی کی، جس پر وہ عوام کی شکر گزار ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ تین دن کی بسنت کے بعد لاہور میں خوشیوں کا سماں ہے اور لاہور و پنجاب کے عوام میں خوشیاں دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ تاہم اسلام آباد میں بم دھماکے کے افسوسناک واقعے پر پوری قوم رنجیدہ اور سوگوار ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔ دل دکھی ہونے کے باعث بعض سماجی اور ثقافتی سرگرمیاں منسوخ کی گئیں، مگر قوم کے حوصلے اور اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کل ایک ہڑتال کی کال دی گئی تھی، مگر ہڑتال کی کال دینے والوں کی عیاری کامیاب نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں زیرو ہڑتال رہی اور عوام نے شٹر ڈاؤن کی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ لوگوں نے خود فیصلہ کیا کہ وہ منفی سیاست اور انتشار کے بجائے مثبت طرزِ عمل کو اپنائیں گے، جس پر انہیں دلی خوشی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اتوار کے دن ویسے ہی بازار اور دکانیں بند ہوتی ہیں، اس کے باوجود یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ہڑتال ہو رہی ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی۔ عوام نے ہڑتال کی کال کو اگنور کر کے واضح پیغام دیا کہ وہ فساد، جلاؤ گھیراؤ اور فتنہ و انتشار کے کلچر کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ارب پتی لوگ غریب عوام کو کاروبار بند کرنے کی کال دیتے ہیں، حالانکہ اس کا براہِ راست نقصان غریب دکانداروں، مزدوروں اور دیہاڑی دار طبقے کو ہوتا ہے۔ عوام نے اس سازش کو بھی سمجھ لیا اور ایسی کالوں کو مسترد کر دیا جو صرف غریبوں کے روزگار کو نقصان پہنچانے کے لیے دی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام نے بدتہذیبی، بدتمیزی اور افراتفری کے کلچر کو رد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ امن، محنت اور ترقی کے راستے پر چلنا چاہتے ہیں۔ یہ عوامی شعور اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب مثبت سوچ اور ذمہ دارانہ فیصلوں کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

مزید پڑھیں :ٹی 20ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ ،مشروط طور پر پاکستان کی آمادگی کا امکان،جا نئے شرائط بارے

متعلقہ خبریں