ٹو کیو ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کسی جلد بازی میں نہیں بلکہ بھرپور مشاورت کے بعد کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس معاملے پر کرکٹ کی دنیا میں ایک اصولی اور مضبوط مؤقف اختیار کیا ہے، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کے اس فیصلے پر بنگلا دیشی عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اصولی مؤقف پر ہاتھ نہیں ملایا تھا، انہیں اب منہ کی کھانا پڑی ہے اور جو ہاتھ ملانے سے انکاری تھے آج وہ خود رونے پر آ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب پیسوں کے نقصان کا سامنا ہوا تو اب وہی لوگ منتیں ترلے کرتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی بھی مالی فائدے کو قومی وقار اور اصولوں پر ترجیح نہیں دی۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کی شٹر ڈاؤن کی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ملک بھر میں دکانیں کھلی رہیں اور معمولاتِ زندگی جاری رہے، جس سے واضح ہو گیا کہ عوام انتشار اور انتشار کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر حربہ آزما کر دیکھ لیا لیکن ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ عطا اللہ تارڑ نے بیرسٹر گوہر کو پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں واپس آ جائیں اور مثبت سیاست کو فروغ دیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مفاد میں فیصلے کرتی رہے گی اور سیاسی انتشار پھیلانے والوں کو عوام ہر محاذ پر مسترد کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں :سونے اور چاندی بارے بابا ونگا کی پیشین گوئی ،جو حقیقت ثابت ہو رہی ہے،جا نئے تفصیلات















