اہم خبریں

سانحہ اسلام آباد،اپ ڈیٹ آگئی،خواجہ آ صف نے اہم انکشاف کر دیا،وہ کون تھا،کہاں سے آیا تھا،سب بتا دیا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے والا شخص پاکستانی شہری تھا جو کچھ عرصہ قبل افغانستان گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے خودکش حملہ آور کے رشتے داروں تک پہنچ چکے ہیں اور واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے تاکہ تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔

خواجہ آصف نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملہ آور گزشتہ روز یا آج نوشہرہ سے اسلام آباد آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے واضح ہوتا ہے کہ حملہ آور کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی اور تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے اور حالیہ حملہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کی رفتار کو روکنے کی کوشش کی گئی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان نے دو اہم ممالک کے ساتھ معاہدے کیے تھے۔ ان کے مطابق بھارت اب افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کا فی الحال کوئی نمایاں مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا، تاہم پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 31 افراد شہید اور تقریباً 150 افراد زخمی ہوئے، جو ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلے بھارت کو میدان میں شکست دی اور اب اس کی پراکسیز کو بھی ناکام بنایا جائے گا۔ وزیر دفاع نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں اور دشمن کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان رابطہ موجود ہے، اور بظاہر خیبر پختونخوا حکومت اب دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اونرشپ لے رہی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس جنگ میں تمام صوبوں اور اداروں کا یکجا ہونا ناگزیر ہے۔

مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کی 8 فروری کی پہیہ جام ہڑتال،مولانا فضل الرحمن نے مکمل حمایت کا اعلان کر دیا

متعلقہ خبریں