اہم خبریں

کراچی سے افسوسناک خبر، صورتحال سنگین ، 10 سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مصروف عمل

کراچی ( اے بی این نیوز    )کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع ایک فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں فیکٹری کے احاطے میں شدید دھواں پھیل گیا اور خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔ آگ تیزی سے پھیلتے ہوئے فیکٹری کی بالائی منزلوں تک جا پہنچی، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا، جہاں آگ پر قابو پانے کے لیے 10 سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مصروف عمل ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈر طلب کر لیے گئے ہیں تاکہ آگ کو مکمل طور پر بجھایا جا سکے اور قریبی عمارتوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے دو سنارکل گاڑیاں بھی روانہ کر دی گئی ہیں جو بلند عمارت کے اوپری حصوں تک پہنچ کر آگ بجھانے میں معاونت کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق آگ بجھانے کا عمل مسلسل جاری ہے تاہم فیکٹری میں موجود سامان کے باعث کام میں مشکلات کا سامنا بھی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ فیکٹری میں پلاسٹک سے بنی مختلف اشیا تیار کی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات آگ پر قابو پانے کے بعد کی جائیں گی۔

تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم فیکٹری کو بھاری مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ علاقے میں ٹریفک کو بھی جزوی طور پر موڑ دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو موقع سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں :بجلی مہنگی،جا نئے فی یونٹ کتنے اضافی چارجز ادا کرنا ہو نگے

متعلقہ خبریں