اہم خبریں

سانحہ اسلام آباد،ریاست پوری قوت، بھرپور عزم اور فیصلہ کن انداز میں جواب دےگی،خواجہ آصف

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش حملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست اس بزدلانہ کارروائی کا جواب پوری قوت، بھرپور عزم اور فیصلہ کن انداز میں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نمازیوں کو نشانہ بنانے والے نہ صرف دین اسلام بلکہ وطنِ عزیز کے بھی کھلے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔

وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ مسجد پر حملہ کرنے والا دہشت گرد افغانستان میں آنا جانا رکھتا تھا اور اس کے روابط کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے تانے بانے بھارت اور طالبان کے گٹھ جوڑ سے جڑتے دکھائی دے رہے ہیں، جو خطے میں امن کو خراب کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ نے حملہ آور کو گیٹ پر روکنے کی کوشش کی، جس پر دہشت گرد نے پہلے فائرنگ کی اور بعد ازاں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں عبرتناک شکست کے بعد بھارت اب براہ راست جنگ لڑنے کی ہمت نہیں رکھتا اور اسی لیے پاکستان میں پراکسی جنگ کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے ایسے واقعات کے سامنے کبھی کمزور نہیں پڑے گی، اور معصوم شہریوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متحد ہے، اور سیکیورٹی ادارے ملک کے امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں :سانحہ اسلام آباد ، سی سی ٹی وی فوٹیج میں تمام حقائق سامنے آگئے،اصل ملزم کو بھی دیکھا جا سکتا ہے،دیکھئے فوٹیج

متعلقہ خبریں