کراچی (اے بی این نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جلد کراچی میں بھی بسنت منانے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بسنت کا بول بالا ہے ، بچپن میں پتنگ بازی کا بہت شوق تھا اور جلد ایسا فیسٹیول منعقد کریں گے جہاں پتنگ بازی ہو، فیسٹیول کا انعقاد باغ جناح اور بے نظیر بھٹو پارک میں کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ والی پتنگ کٹ گئی ہے، بلاول کے منشور کے تحت ہم کراچی کی روشنیاں بحال کریں گے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آج عام تعطیل کا اعلان تھا تاکہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے، اس سال منفرد فیصلہ کیا کہ علامتی واک کے ساتھ ہزاروں لوگوں کے ہمراہ چڑیا گھر میں کشمیر ڈے منائیں، ہم کراچی والے اپنے کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم تجدید عہد وفا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم کشمیر ڈے سیلیبریٹ کرتے ہیں تو کراچی کے رنگ کو بھی سیلیبریٹ کرنے کی ضرورت ہے، آج کراچی چڑیا گھر کی بارہ دری میں پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا ہے، ہم نے فرئیر ہال میں بھی پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا, بارہ دری میں پہلے شاید 12 لوگ بھی نہیں ہوتے تھے آج یہ بارہ دری رنگوں اور لوگوں سے بھرپور ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ میرا کراچی والوں سے وعدہ ہے ترقی کا یہ سفر ایسے ہی جاری رہے گا ، بہت جلد ہم کراچی والے دنیا بھر کو بتائیں گے کہ یہ ہمارا کراچی ہے، ماضی میں پالیسی بنتی تھی مگر غریبوں کے لیے کچھ نہیں ، مجھے خوشی اس بات کی کہ آج چڑیا گھر میں لوگوں کا مجمع دیکھ کر لگ رہا ہے یہ وہ کراچی ہے جو لوگ چاہتے تھے۔
مزید پڑھیں۔پاکستان کو 10 سال میں 3 کروڑ نوکریاں پیدا کرنا ہوں گی: صدرعالمی بینک















