کراچی ( اے بی این نیوز ) سندھ کے کچے کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جس کا نام “نجات مہران” رکھا گیا ہے۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق یہ آپریشن خاص طور پر کچے میں موجود منظم جرائم، غیر قانونی سرگرمیوں اور لوگوں کو جھانسہ دے کر ملوث کرنے والے عناصر کے خلاف شروع کیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ کچے کا علاقہ دریا کے پانی سے سیراب ہوتا ہے اور اس کی دونوں جانب گھنے جنگلات موجود ہیں، جس کی وجہ سے یہاں جرائم پیشہ عناصر سرگرم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کوتاہی اور مناسب نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے کچے میں آرگنائزڈ کرائمز کے واقعات بڑھ گئے تھے، اور بعض اوقات خواتین کی آواز میں جھانسہ دے کر لوگوں کو یہاں بلایا جاتا تھا تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل کیا جا سکے۔
جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں سے کچے میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے، تاہم آپریشن نجات مہران کے ذریعے ان عناصر کو مکمل طور پر ختم کرنے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ آئی جی سندھ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کچے کے علاقوں سے جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
مزید پڑھیں :سیکیورٹی فورسز کےآپریشنز، بھارتی پراکسی کے 24 فتنہ الخوارج جہنم رسید















