پشاور (اے بی این نیوز )خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ضلع اورکزئی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 خوارج مارے گئے جبکہ ضلع خیبر میں ایک کامیاب آپریشن میں 10 دہشتگرد واصلِ جہنم ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز کو کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو بروقت کارروائیوں کے ذریعے خاک میں ملا دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے اور بھارتی پراکسی خوارج کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ سینیٹائزیشن آپریشنز کے ذریعے علاقے میں موجود خوارج کی موجودگی ختم کرنے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، تاکہ عوام اور سرحدی علاقوں میں امن و امان قائم رہ سکے۔















