اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں 28 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ ازبکستان شوکت مرزائیوف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جہاں دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے اہم مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ازبکستان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان انٹر ریجنل فورم کے قیام کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد خطے میں تجارتی، اقتصادی اور سیاسی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سزا یافتہ افراد کے تبادلے کے معاہدے کی دستاویزات کا بھی تبادلہ ہوا۔دونوں ممالک نے آئی ٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جبکہ ادویہ سازی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے لیے بھی معاہدہ طے پایا۔ اس کے ساتھ ساتھ نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔مزید برآں صدر ازبکستان شوکت مرزائیوف کو ڈاکٹر یٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جسے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :بسنت پیچے، بو کاٹا،کون کون سی پابندیا ں عائد،تفصیل سامنے آگئی،جا نئے آپ بھی















