راولپنڈی( اے بی این نیوز )سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملک میں دہشتگردی کے خلاف جاری بڑے آپریشنز کے دوران گزشتہ تین دنوں میں شدت پسند تنظیم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے 197 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے مختلف علاقوں میں سینٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے متعدد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف ان کارروائیوں میں بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج، فرنٹیئر کور، پولیس اور پی ایم سی اے کے 22 اہلکار وطن پر قربان ہو گئے۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانی کو ملکی سلامتی کیلئے عظیم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم دہرایا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :ڈاکٹر اکبر ناصر خان آئی جی گلگت بلتستان تعینات،نوٹیفکیشن جاری















