نیویارک( اے بی این نیوز )پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا کے حوالے سے حالیہ دنوں سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں مختلف خبریں زیر گردش ہیں، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہیں نیویارک کے مونٹیفور میڈیکل سینٹر کے نفسیاتی شعبے میں داخل کیا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری یا باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھیں، جس کے باعث انہیں طبی مدد درکار ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق فلم میں میرا ایک نفسیاتی طور پر پیچیدہ اور چیلنجنگ کردار ادا کر رہی ہیں، جس کے لیے وہ بھرپور تیاری میں مصروف تھیں۔
اس نئی تھرلر فلم میں معروف اداکار شان شاہد اور اداکارہ سونیا حسین بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم کی مکمل کاسٹ، ریلیز ڈیٹ اور دیگر تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں لائی گئیں، جس کے باعث مداحوں میں تجسس بڑھتا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ میرا کو آخری مرتبہ فلم “باجی” میں دیکھا گیا تھا، جسے شائقین اور ناقدین دونوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ مداح طویل عرصے کے بعد اداکارہ کو ایک بار پھر بڑے پردے پر دیکھنے کے منتظر ہیں، جبکہ ان کی صحت سے متعلق خبروں پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :زلزلہ، ریکٹر اسکیل پر شدت 6 ریکارڈ کی گئی















