اہم خبریں

گاڑی مالکان کے لیے خوشخبری،من پسند نمبر پلیٹ حاصل کریں

پشاور(اے بی این نیوز     ) گاڑی مالکان کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے اپنی پسند کی نمبر پلیٹس حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے مزید 40 چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی کا اعلان کر دیا ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق ان چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 14 فروری کو منعقد کی جائے گی، جس میں مختلف معروف اور پسندیدہ ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس پیش کی جائیں گی۔ نیلامی میں سید، قادری، جتوئی، راجہ اور پشتون جیسے ناموں کے علاوہ دیگر منفرد چوائس نمبر پلیٹس بھی شامل ہوں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ خیبر، بونیر، مہمند، کوہاٹ اور دیگر اضلاع کے نام سے منسوب نمبر پلیٹس بھی نیلامی کے لیے رکھی گئی ہیں، جن میں دلچسپی رکھنے والے افراد حصہ لے سکیں گے۔محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ ہر منفرد چوائس نمبر پلیٹ کے لیے بولی کی ابتدائی رقم 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اگر کسی نمبر پلیٹ کے لیے بولی دہندگان کی تعداد تین سے کم ہوئی تو اس مخصوص نمبر کی نیلامی ملتوی کر دی جائے گی۔

حکام کے مطابق نیلامی میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد سے ایک لاکھ روپے بطور سیکیورٹی رقم وصول کی جائے گی، جبکہ کامیاب بولی دینے والے فرد کو نیلامی مکمل ہوتے ہی پوری رقم ادا کرنا لازم ہوگا۔محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نیلامی کے تمام مراحل مکمل شفافیت کے ساتھ طے کیے جائیں گے تاکہ کسی قسم کی شکایت یا اعتراض کی گنجائش نہ رہے۔

مزید پڑھیں :شیزوفرینیا میں آوازیں کیوں سنائی دیتی ہیں، ممکنہ وجہ دریافت

متعلقہ خبریں