اہم خبریں

بارشوں اور برفباری کے پیش نظراہم ویدر ایڈوائزری جاری کر دی گئی

مظفرآباد (  اے بی این نیوز   )مظفرآباد میں آزاد کشمیر میں متوقع بارشوں اور برفباری کے پیش نظر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر نے اہم ویدر ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 3 فروری تک خطے کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال خراب رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جنوری کی رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ خطے میں داخل ہوگا، جس کے اثرات یکم فروری سے واضح ہونا شروع ہو جائیں گے۔ اس دوران آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برفباری جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

ایس ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی بندش، شدید پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موسم کی شدت کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، اس لیے شہری خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ سیاحوں اور مسافروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور سفر سے قبل موسم کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔

ایس ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

مزید پڑٖھیں :کھلے مین ہولز اور گٹروں کو کور کرنے کی باقاعدہ مہم شروع

متعلقہ خبریں