راولپنڈی (اے بی این نیوز )راولپنڈی اور اسلام آباد میں یکساں اوقات اذان و نماز کے نفاذ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منعقدہ مشاورتی اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور تاجر نمائندگان نے یکساں اذان و نماز کے کلینڈر پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی دونوں شہروں میں یکساں اوقات اذان اور جماعت پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ یکساں اذان و جماعت کے نفاذ کے لیے قانون سازی پر کام جاری ہے اور نظام صلوۃ کے فروغ کے لیے متوازن اور قابل قبول اقدامات کیے جائیں گے۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور نے دفاتر اور مارکیٹس میں نماز اور وضو کی علیحدہ جگہ مختص کرنے کی تجویز دی، جبکہ مفتی ضمیر احمد ساجد نے جمعہ کی نماز سے مرحلہ وار یکساں اوقات کے آغاز کی تجویز پیش کی۔
تاجر برادری نے اذان کے وقت اپنی دکانیں رضاکارانہ طور پر بند کرنے کا عندیہ دیا ہے اور الیکٹرانک میڈیا پر پانچوں نمازوں کی اذان نشر کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ اجلاس میں علماء کرام نے یکساں اذان و نماز کو اتحاد امت اور دینی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔شرکاء اجلاس نے یہ بھی کہا کہ مساجد میں خواتین کے لیے علیحدہ جگہ مختص کی جائے اور فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ نظام صلوۃ سے معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی اتحاد کو فروغ ملے۔
مزید پڑھیں :عمران خان سے ملاقات،سہیل آفریدی ڈٹ گئے، اڈیالہ جیل کے باہر قیام ،قوم کو الرٹ رہنے کی ہدایت،جا نئے تفصیلات















