اہم خبریں

بسنت تیاریاں عروج پر ، آن لائن پرمٹ سسٹم کے غیر فعال،خوشی ماند پڑنے کا خدشہ

لاہور (اے بی این نیوز ) بسنت فیسٹیول کی تیاریاں عروج پر ہیں، تاہم پتنگ بازی کے سامان کی قلت اور آن لائن پرمٹ سسٹم کے غیر فعال ہونے کے باعث بسنت کی رونقیں ماند پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ شہریوں اور کاروباری افراد دونوں ہی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہر میں پتنگ، گڈے اور ڈور کی دستیابی بدستور محدود ہے، جبکہ لائسنس ہولڈرز آن لائن پرمٹ کے اجرا کے منتظر ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے پورٹل پر تاحال پرمٹ فارم دستیاب نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے پتنگ فروشوں اور سپلائرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائسنس یافتہ افراد آن لائن پرمٹ حاصل کر کے دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان منگوا سکتے ہیں، تاہم پرمٹ کے اجرا میں تاخیر کے باعث عملی طور پر یہ سہولت مؤثر ثابت نہیں ہو پا رہی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پتنگ، گڈے اور ڈور کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت پتنگ بازی کا سامان مارکیٹ میں دستیاب نہ ہوا تو بسنت کی رنگینیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔ ایسوسی ایشن نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آن لائن پرمٹ فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ بسنت فیسٹیول اپنی روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان منگوانے کی اجازت تو دے دی تھی، لیکن آن لائن پرمٹ سسٹم تاحال فعال نہ ہونے کے باعث اس فیصلے کے ثمرات سامنے نہیں آ سکے۔

مزید پڑھیں :سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو حادثہ پیش،جا نئے اب کیا حالت ہے

متعلقہ خبریں