لاہور (اے بی این نیوز )پنجاب میں گاڑیوں کی خریدو فروخت کے عمل کو آسان اور جدید بنانے کیلئے ایک بڑی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نادرا ٹیکنالوجیز کے تعاون سے نیا آن لائن بائیو میٹرک سسٹم شروع کر دیا ہے، جس سے شہریوں کو نمایاں سہولت ملے گی۔
نئے نظام کے تحت گاڑیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے پاک آئی ڈی کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے موبائل یا کمپیوٹر کے ذریعے صرف ایک کلک پر گاڑیوں کی بائیو میٹرک ویریفکیشن مکمل کر سکیں گے۔ اس سہولت سے دفاتر کے چکر، لمبی قطاریں اور کاغذی کارروائی کم ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق آن لائن بائیو میٹرک نظام سے نہ صرف پاکستان میں موجود شہری بلکہ اوورسیز پاکستانی بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اب سفارت خانوں یا دستی حلف ناموں کے بغیر پاک آئی ڈی کے ذریعے آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کروا سکیں گے، جس سے گاڑیوں کی ٹرانسفر کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل اقدام سے گاڑیوں کی خرید و فروخت میں شفافیت بڑھے گی، جعل سازی کے امکانات کم ہوں گے اور شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا۔ یہ نظام جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے سرکاری خدمات کو مزید مؤثر بنانے میں مدد دے گا۔
مزید پڑھیں :بھارت میں عالمی کھلاڑیوں کو خطرہ ، ٹی20 ورلڈ کپ سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ















