مظفرآباد(اے بی این نیوز ) آزاد جموں و کشمیر میں شدید برفباری نے تباہی مچا دی، متعدد مکانات متاثر جبکہ کئی اہم شاہراہیں بند ہو گئیں۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق برفباری کے باعث 19 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ 47 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی امداد اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔
ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ برفباری سے بند شاہراہوں کی بحالی کے لیے مشینری اور عملہ متحرک ہے۔ مظفرآباد سے پیرچناسی شاہراہ زاہد چوک تک بحال کر دی گئی ہے، تاہم مظفرآباد سے شاردہ جانے والی شاہراہ تاحال بند ہے۔
اسی طرح شاردہ سے کیل اور کیل سے تاؤبٹ جانے والی سڑکیں بھی برفباری کے باعث بحال نہ ہو سکیں۔ راولاکوٹ سے تولی پیر شاہراہ شدید برفباری کے باعث بند ہے، جبکہ راولاکوٹ سے تھوراڑ جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق لسڈنہ سے حویلی، اور کہوٹہ سے علی آباد جانے والی شاہراہیں بھی برفباری کے باعث بند ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی سڑکوں کی بحالی کا عمل تیز کر دیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہے گا،کہاں بارش اور برفباری ہو گی،جا نئے















