اسلام آباد(اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی چیئرمین عمران خان کو اسپتال منتقل کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ان کی صحت سے متعلق مکمل اور شفاف تفصیلات طلب کر لی ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات سامنے آنا عوام کا بنیادی حق ہے، جبکہ پارٹی قیادت کو اب تک سرکاری سطح پر کوئی واضح بریفنگ نہیں دی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹس، علاج کی نوعیت اور اسپتال منتقل کرنے کی وجوہات فوری طور پر عوام کے سامنے لائی جائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی مسلسل قید، محدود ملاقاتیں اور طبی سہولیات تک عدم رسائی تشویشناک صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کا معاملہ سیاسی نہیں بلکہ انسانی ہمدردی اور آئینی حقوق سے جڑا ہوا ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور آزاد ڈاکٹرز کو ان کا معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے خدشات کا ازالہ ہو سکے۔
مزید پڑھیں :دنیا میں بڑی تبدیلی، یورپ کا چین کی طرف جھکائو،برطانوی وزیراعظم تاریخی دورے پر بیجنگ پہنچ گئے















