اسلام آباد (اے بی این نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کو بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات کا معاملہ کسی بھی طور سیاسی نہیں بلکہ ایک بنیادی انسانی اور قانونی حق ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ منگل کے روز عمران خان سے ملاقات کا مقررہ دن ہے اور اس عمل کو کسی صورت سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملاقاتیں عدالتی احکامات کے مطابق ہونی چاہئیں تاکہ قانونی تقاضے پورے ہو سکیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے انکشاف کیا کہ ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔ اس موقع پر ایک تحریری پیغام چھوڑا گیا جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی اپیل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات ان کا قانونی حق ہے۔ اسی سلسلے میں پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی باقاعدہ درخواست جمع کروا دی ہے، جبکہ اراکین قومی اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ ایک خط چیف جسٹس کو بھی ارسال کیا جا رہا ہے۔
دہشت گردی کے معاملے پر پارٹی مؤقف دہراتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس حساس مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اور سنجیدہ عملدرآمد ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ ملاقاتوں یا کسی بھی قسم کے مذاکرات کے حوالے سے نہ کوئی رابطہ ہوا ہے اور نہ ہی کوئی کمٹمنٹ دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :دو نئے اضلاع قائم، نام بھی سامنے آ گیا















