اہم خبریں

پنجاب کے سکولوں کیلئے نئے احکامات اور سکالر شپس کا اعلان،جا نئے تفصیلات

لاہور(اے بی این نیوز    ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی وزراء کے ساتھ اے آئی ٹریننگ سیشن میں خود شرکت کر کے قیادت کی۔ وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان نے آفیشل ورکشاپ “ایمپاورنگ پنجاب ود اے آئی” ٹریننگ پروگرام میں حصہ لیا، جس کے دوران پنجاب کے سکولوں میں اے آئی کے استعمال کو لازمی قرار دینے کا اعلان کیا گیا۔ٹریننگ پروگرام کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب میں گوگل ٹیک ویلی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایڈوائزری بورڈ قائم کیا جائے گا تاکہ صوبے میں ڈیجیٹل اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی کے مؤثر استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سوچ اور کام کرنے کے طریقۂ کار کو بدل سکتی ہے۔ اصلاحات اور پالیسی سازی میں اے آئی کی معاونت ناگزیر ہو چکی ہے اور اگر اے آئی ٹولز کو ذمہ داری سے استعمال کیا جائے تو یہ مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ٹریننگ سیشن میں پنجاب کابینہ کے ارکان کو Gemini کے مفید استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ گورننس اور پالیسی فریم ورک کی تشکیل میں اے آئی کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر آپریشنل پالیسی سازی، شعبہ جاتی اصلاحات، پالیسی سمری تجزیہ اور گوگل ٹولز کے استعمال پر تبادلۂ خیال ہوا۔

گوگل فار ایجوکیشن کے ماہرین نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں ٹیک ویلی گوگل فار ایجوکیشن پلیٹ فارم کے تحت 3 ہزار اساتذہ کی ماسٹر ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں 3 لاکھ سے زائد طلبہ کی آئی ڈیز قائم کی جائیں گی، جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے 2 لاکھ طلبہ اور 2 ہزار اساتذہ کی بھی ٹریننگ کی جائے گی۔ڈیجیٹل صحافت کے فروغ کے لیے 10 اداروں کے لیے ایک ہزار اسکالرشپس دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

گوگل ٹیم نے لاہور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسا شہر پہلے نہیں دیکھا جہاں تاریخ اور ثقافت کا اتنا خوبصورت امتزاج ہو۔ انہوں نے 2026 کو یوتھ کا سال قرار دینے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پنجاب کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، طلبہ کو مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور صوبے کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جانب تیزی سے لے جانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں  :رمضان پیکیج کا اعلان، فی کس 10 ہزار روپے، جا نئے کیسے ملے گا

متعلقہ خبریں