پشاور( اے بی این نیوز ) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے نشتر ہال پشاور میں پرسنلائزڈ گاڑی نمبر پلیٹس کی نیلامی منعقد کی گئی، جہاں کروڑوں روپے کی بولیاں لگیں اور کئی دلچسپ ناموں والی پلیٹس توجہ کا مرکز بن گئیں۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پسندیدہ نمبر پلیٹس کی الاٹمنٹ کے لیے جاری نیلامی میں اب تک سب سے زیادہ بولی ’افریدی 1‘ پر لگی۔ یہ نمبر پلیٹ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے 1 کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے میں خریدی، جو نیلامی کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیل قرار دی جا رہی ہے۔
دوسری سب سے بڑی بولی ’خان 1‘ پر لگی، جو تحریک انصاف کے بانی کے نام سے مشابہت رکھتی ہے۔ یہ نمبر پلیٹ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نائیک محمد خان نے 1 کروڑ 10 لاکھ روپے میں حاصل کی۔محکمہ ایکسائز کے مطابق مجموعی طور پر 804 نمبر پلیٹس کو اس نیلامی سے نکال دیا گیا ہے، جبکہ زرداری، شریف اور قومی کرکٹرز کے ناموں والی نمبر پلیٹس آئندہ نیلامی میں پیش کی جائیں گی۔
اس سے قبل کے پی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا تھا کہ عمران خان-1 اور عمران خان-804 نمبر پلیٹس کی بنیادی قیمت 10 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ ان خصوصی نمبر پلیٹس کی بولی بھی 27 جنوری کو پشاور میں ہی ہونا ہے۔محکمے کے مطابق قبائل کے ناموں پر بھی نمبر پلیٹس نیلام کی جائیں گی، جن میں وزیر، محسود، خٹک ون اور مہمند شامل ہیں۔ اس کے علاوہ خان، گنڈاپور، درانی، کنڈی، سواتی، ارباب، خلیل، آفریدی اور یوسفزئی 1 جیسی پلیٹس بھی نیلامی کا حصہ ہوں گی۔
مزید یہ کہ ملاکنڈ، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور بنوں کے ناموں والی خصوصی نمبر پلیٹس بھی جاری کی جائیں گی۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ہر منفرد نمبر پلیٹ کی بنیادی بولی کی رقم 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :نیپا وائرس کا پھیلاؤ؛ 5 کیسز کی تصدیق، 100 افراد قرنطینہ منتقل،بچائو اور علامات بارے جا نئے















