لاہور(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے اسکولوں میں اے آئی کا استعمال لازمی قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے تعلیمی نظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سوچ اور کام کے طریقہ کار کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اصلاحات اور مؤثر پالیسی سازی میں اے آئی کی معاونت ناگزیر ہو چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امپاورنگ پنجاب ود اے آئی کے عنوان سے منعقدہ آفیشل ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا، جس میں صوبائی وزرا، پنجاب کابینہ کے ارکان اور گوگل کی ٹیم نے شرکت کی، ورکشاپ کے دوران پنجاب میں گوگل ٹیک ویلی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایڈوائزری بورڈ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ورکشاپ میں کابینہ کے ارکان کو گوگل کے جدید اے آئی ٹول ”جیمنائی“ کے مفید اور ذمہ دارانہ استعمال پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں آپریشنل پالیسی سازی، شعبہ جاتی اصلاحات اور دیگر سرکاری امور میں اے آئی کی معاونت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اے آئی ٹولز کا ذمہ داری سے استعمال مثبت اور پائیدار تبدیلیاں لا سکتا ہے اور پنجاب حکومت ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گوگل فار ایجوکیشن کے پلیٹ فارم پر پنجاب بھر میں 3 ہزار اساتذہ کی ماسٹر ٹریننگ مکمل کی جا چکی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں 3 لاکھ سے زائد طلبہ کی اسٹوڈنٹ آئی ڈیز قائم کی گئی ہیں جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت 2 لاکھ طلبہ اور 2 ہزار اساتذہ کو جدید ڈیجیٹل ٹریننگ دی گئی ہے۔
ڈیجیٹل صحافت کے فروغ کے لیے 10 میڈیا آرگنائزیشنز کے تحت ایک ہزار اسکالر شپس فراہم کرنے کی بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گوگل ٹیم نے لاہور کی تاریخی اور ثقافتی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور جیسا شہر دنیا میں کہیں اور نہیں دیکھا، یہ تاریخ اور ثقافت کا حسین امتزاج ہے۔
مزید پڑھیں۔تاریخ میں پہلی بار کراچی میں سب سے سستا آٹا دستیاب















