اہم خبریں

معروف شاعر اعتبار ساجد 77سال کی عمر میں انتقال کر گئے

لاہور(اے بی این نیوز)معروف شاعر اعتبار ساجد لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔ یکم جولائی 1948 کو ملتان میں پیدا ہونے والے اعتبار ساجد گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، گزشتہ رات وہ 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اعتبار ساجد اردو کے مقبول غزل گوؤں میں شمار ہوتے تھے، انھوں نے رومانوی شاعری میں اپنے منفرد شعری اسلوب سے قارئین کے دل موہ لیے تھے، اور ہجر و وصال کی کیفیتوں کو اظہار دینے والی رومانی شاعری کے لیے مشہور تھے۔

وہ ایم اے تک تعلیم حاصل کر کے تدریس کے پیشے سے وابستہ ہو گئے تھے، پہلے گورنمنٹ کالج نوشکی، بلوچستان میں لکچرر رہے، پھر اسلام آباد میں تدریس سے وابستہ ہوئے، شاعری کے علاوہ نثر لکھی۔ اعتبار ساجد کی تصانیف میں دستک بند کواڑوں پر، آمد، وہی ایک زخم گلاب سا، مجھے کوئی شام ادھاردو و دیگر شامل ہیں۔

انھوں نے بچوں کے لیے بھی لکھا جن میں راجو کی سرگزشت، آدم پور کا راجا، پھول سی اک شہزادی، مٹی کی اشرفیاں وغیرہ شامل ہیں۔ انھوں نے ایک شعر میں کہا: مری زبان و قلم میں کوئی تضاد نہیں میں اپنے عصر کی سچائیوں کا شاعر ہوں

مزید پڑھیں۔بنگلہ دیش ، ریفرنڈم اور الیکشن سے قبل مسلح افواج ہائی الرٹ

متعلقہ خبریں