اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر تک متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر وزیر اعظم کے ساتھ ایک مثبت اور تعمیری ملاقات ہوئی ہے، جس میں تمام پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
محسن نقوی کے مطابق وزیر اعظم نے واضح ہدایت کی ہے کہ فیصلہ کرتے وقت تمام آپشنز کو ذہن میں رکھا جائے اور قومی مفاد کو ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی سی بی باہمی مشاورت سے ایسا فیصلہ کریں گے جو پاکستان کرکٹ اور ملک کی ساکھ کے لیے بہترین ہو۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتی، کھیلوں اور انتظامی تمام عوامل کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں جذباتی فیصلہ نہیں کرے گا بلکہ سوچ سمجھ کر اور ذمہ دارانہ طریقے سے اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔
کرکٹ حلقوں میں اس بیان کے بعد قیاس آرائیاں مزید تیز ہو گئی ہیں، جبکہ شائقین بے چینی سے اس فیصلے کے منتظر ہیں کہ آیا پاکستان آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا کوئی متبادل حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔ آنے والے دنوں میں یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
نیز پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان ہونے والی خصوصی ملاقات میں کیا گیا، جس میں قومی مفادات، سفارتی صورتحال اور کرکٹ بورڈ کے مؤقف پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے تاکہ پاکستان عالمی ایونٹ میں اپنی نمائندگی برقرار رکھ سکے اور کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے۔
دوسری جانب پاکستان نے بنگلا دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بھرپور احتجاج کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان آئی سی سی کو باقاعدہ خط کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گا اور اس فیصلے پر تحفظات سے آگاہ کرے گا۔
حکام کے مطابق احتجاجی خط میں یہ مؤقف اختیار کیا جائے گا کہ کسی بھی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کرنا کھیل کی روح کے منافی ہے اور اس سے ٹورنامنٹ کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا جائے گا کہ آئی سی سی اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے۔
مزید پڑھیں :رمضان پیکج،فی خاندان 10 ہزار روپے،47 ارب کا رمضان نگہبان پیکیج منظور















