اہم خبریں

تیراہ آپریشن نہ روکاگیا تو نئی حکمت عملی بنائیں گے، سہیل آفریدی

سوات (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تیراہ آپریشن 2 یا 3 دن میں نہ روکا گیا تو نئی حکمت عملی بنائیں گے۔

سوات مینگورہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج صبح وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور تیراہ کے لوگوں کو باہر جانے کا نہیں کہا گیا۔ کیا تیراہ کے لوگ شادی کی تقریب میں جا رہے تھے؟

انہوں نے کہا کہ جب وہ ہمیں شکست نہیں دے سکے تو ہم پر دہشت گردی کا الزام لگایا گیا، تیراہ میں لوگوں کو ہجرت پر مجبور کیا گیا، 24 رکنی کمیٹی بنا کر مجبوراً آپریشن کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہ فوج کے دشمن ہیں نہ اداروں کے۔ ہم سیاست میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف ہیں۔ میں نے میٹنگ چھوڑ دی اور فوجیوں کے جنازے میں شرکت کی۔ اب مجھے جنازوں میں شرکت کی اجازت نہیں، مجھے مدعو نہیں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2 یا 3 روز میں آپریشن نہ روکا گیا تو نئی حکمت عملی بنائیں گے۔

عمران خان کی رہائی کے حوالے سے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اس بار وہ پوری تیاری کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے اور تحریک انصاف کے بانی کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ پی ٹی آئی کے بانی جیل سے باہر آئے تو کسی کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔ یہ لوگ اداروں اور صوبائی حکومت کے درمیان تصادم چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے فوجی احکامات پر وادی تیراہ کو خالی کرانے کی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہوئے دعوؤں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔
مزید پڑھیں‌:فیکٹ چیک: عمران خان کے طبی دورے کی رپورٹس جھوٹی قرار

متعلقہ خبریں