کراچی(اے بی این نیوز) کراچی کے نجی اسکولوں نے شہر میں جاری سردی کی لہر کے باعث 31 جنوری تک اسکول کھلنے کا وقت صبح 9 بجے برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے۔
آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے یہ سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرد موسم نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا ہے، خصوصاً سندھ کے دور دراز اضلاع میں اس کے اثرات زیادہ محسوس کیے جا رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے نجی اسکولوں کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ نئے تعلیمی کیلنڈر سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی وزیرِ تعلیم سندھ سے اپیل کی کہ موسم کی صورتحال کے پیشِ نظر 31 جنوری تک اسکولوں کے اوقاتِ کار صبح 9 بجے ہی رکھے جائیں۔
چیئرمین نے یکساں امتحانی نصاب اور پرچہ جاتی خاکے (پیپر اسپیسفکیشنز) جلد جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی سال اپنے اختتام کے قریب ہے اور امتحانات سے قبل وقت محدود رہ گیا ہے، اس لیے حکام کو فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق امتحانات سے متعلق تفصیلات کے اعلان میں تاخیر سے اسکولوں اور طلبہ کی منصوبہ بندی متاثر ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں۔برطانوی حکومت کا ایف بی آئی کی طرز پر نئی پولیس فورس بنانےکا اعلان















