لاہور ( اے بی این نیوز)لاہور میں تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر نجی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ اب نجی یونیورسٹیوں کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ سکیم میں شامل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر نجی یونیورسٹیوں کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اپلائی کرنے کا پورٹل جلد کھولا جا رہا ہے اور ان کے لیے معیار بھی وہی ہوگا جو پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے مقرر ہے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ گزشتہ 77 برسوں میں پہلی مرتبہ پرائیویٹ سیکٹر کو کسی سرکاری تعلیمی سکیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چار سالوں میں لیپ ٹاپ یا اسکالرشپ جیسی کوئی بڑی تعلیمی سکیم متعارف نہیں کروائی گئی، جبکہ موجودہ حکومت نے پہلے سال پبلک اور دوسرے سال نجی یونیورسٹیوں کے طلبہ کو ایجوکیشن سپورٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کے بعد نجی یونیورسٹیوں کے ہزاروں طلبہ بھی لیپ ٹاپ سکیم کے اہل ہوں گے، جو ان کی ڈیجیٹل تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہوگا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ تعلیم کے عالمی دن پر نجی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ سکیم کا اعلان ایک بڑا تحفہ ہے، جو تعلیمی میدان میں برابری اور مواقع کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔
مزید پڑھیں :4 چھٹیاں















