مری(اے بی این نیوز )مری اور گردونواح میں جاری شدید برفباری کے باعث اب تک تقریباً دو فٹ برف پڑ چکی ہے، جس سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر تمام ٹریفک بند کر دی ہے جبکہ سیاحوں کو سترہ میل ٹول پلازہ سے ہی واپس بھیجا جا رہا ہے۔
موسمی حالات کی خرابی کے باعث زیادہ تر سیاح مری سے واپس روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ رات سے علاقے میں بجلی کا مکمل ڈاؤن فال بھی جاری ہے جس سے شہریوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔راستے بند ہونے کے باعث ہوٹل انڈسٹری بھی شدید متاثر ہو رہی ہے اور بکنگز منسوخ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ناگزیر صورت میں ہی گھروں سے نکلیں۔
انتظامیہ کے مطابق مری کی اہم شاہراہوں پر کیمیکل چھڑکاؤ اور برف ہٹانے کا عمل مسلسل جاری ہے تاکہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے اور کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم بہتر ہونے تک احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔
مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں کے حوالے سے نئے احکامات آگئے ،جا نئے کیا















