لاہور( اے بی این نیوز ) پنجاب بھر کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے یکساں تعلیمی کیلنڈر نافذ کرنے کی تیاری شروع ہو گئی ہے، جس کے تحت گرمیوں کی طویل چھٹیوں میں نمایاں کمی کی سفارش سامنے آئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کی ہدایات پر قائم کی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں تجویز دی ہے کہ تعلیمی اداروں کو ہر سال کم از کم 190 تدریسی دن مکمل کرنا ہوں گے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے موجودہ ڈھائی ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کو کم کرکے صرف چھ ہفتے تک محدود کرنے کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران تین اجلاس منعقد کیے اور تیسرے اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دی۔ یہ اجلاس لاہور میں ہوا جس کی صدارت سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے کی، جبکہ خصوصی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن محمد اقبال نے اجلاس کی نگرانی کی۔
کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت سالانہ تعطیلات کی مجموعی تعداد 175 دن ہوگی، جبکہ تدریسی اور تعلیمی دنوں کی تعداد 190 مقرر رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں تعطیلات کی تعداد میں مسلسل اضافے نے تعلیمی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث خاص طور پر اعلیٰ جماعتوں میں نصاب بروقت مکمل نہیں ہو پاتا اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
نجی تعلیمی اداروں کی تنظیموں نے بھی کمیٹی کی سفارشات کی حمایت کر دی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ یکساں اور متوازن تعلیمی کیلنڈر سے تعلیمی معیار بہتر ہوگا اور طلبہ کو نصاب مکمل کرنے میں آسانی ہوگی۔سفارشات سامنے آنے کے بعد پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے خصوصی سیکریٹری محمد اقبال نے پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹیسٹنگ اتھارٹی اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کو ہدایت جاری کی ہے کہ تین دن کے اندر اندر یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کیا جائے۔واضح رہے کہ جسٹس جواد حسن نے تعلیمی اداروں میں تعطیلات میں اضافے کے خلاف دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران اس کمیٹی کو تشکیل دیا تھا۔ کمیٹی کی رپورٹ آئندہ سماعت میں عدالت کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد تعلیمی کیلنڈر سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں :سردی کب تک رہے گی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا،جا نئے تفصیلات















