کوئٹہ ( اے بی این نیوز )کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی ریسکیو ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ متحرک ہیں اور اہم شاہراہوں سے برف ہٹانے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق چمن کوژک ٹاپ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ ژوب قومی شاہراہ پر کان مہترزئی کے مقام پر بھی برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں پر دوبارہ برف جم جانے کا عمل برقرار ہے، جس سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر برف پگھلانے کے لیے سرخ نمک کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کی کوششیں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے پر مرکوز ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ناگزیر سفر کی صورت میں آہستہ رفتار اور مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ شہریوں کو سائیڈ ایریاز کا رخ کرنے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ کمزور گاڑیوں کے ساتھ مرکزی شاہراہوں سے ہٹنا خطرناک ہو سکتا ہے۔انتظامیہ کے مطابق برفباری کا سلسلہ برقرار رہنے کی صورت میں مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا















