لاہور(اے بی این نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے صارفین کے لیے سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر عارضی پابندی عائد کر دی۔ یہ فیصلہ وزارتِ توانائی کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق سولر گرین میٹرز کی تنصیب اس وقت تک معطل رہے گی جب تک وزارتِ توانائی نئی سولر گرین میٹر پالیسی جاری نہیں کرتی۔ اس پابندی کا اطلاق رہائشی اور صنعتی دونوں قسم کے صارفین پر ہوگا۔ لیسکو نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ سولر گرین میٹرز کی تنصیب صرف اسی صورت میں کی جائے گی جب وزارتِ توانائی کی جانب سے نئی پالیسی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
اس فیصلے کے نتیجے میں وہ صارفین بھی متاثر ہوں گے جنہوں نے پہلے ہی سولر سسٹم نصب کر رکھا ہے اور جو گرین میٹر کے لیے درخواستیں جمع کر چکے ہیں۔ ان صارفین کو اب کچھ وقت کے لیے اپنی درخواستوں پر عملدرآمد کا انتظار کرنا ہوگا۔ لیسکو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ پابندی نہ صرف لیسکو بلکہ ملک بھر کی دیگر تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) پر بھی عائد کی گئی ہے۔ ان کمپنیوں نے بھی سولر کنکشن اور گرین میٹرز کی فراہمی عارضی طور پر روک دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ توانائی کی نئی ہدایات کے تحت سولر گرین میٹرز کی تنصیب کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ اس دوران نئی سولر گرین میٹر پالیسی مرتب کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد گرین میٹرز کی تنصیب کے عمل کو دوبارہ سے شروع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔مقامی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 8 سو روپے کی معمولی کمی















