راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اعلان کیا ہے کہ آٹھ فروری کو پورا ملک بند ہوگا اور عوام بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے ووٹ چوری ہوئے ہیں وہ اپنے حق کے لیے باہر نکلیں گے اور اپنا چوری شدہ ووٹ واپس مانگیں گے۔عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کا نام لینے پر اہلکاروں کی حالت خراب ہو جاتی ہے اور کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے باہر ایک چھوٹے بچے نے عمران خان کا نام لیا تو پولیس نے اسے پکڑ لیا، جبکہ پولیس اہلکار بار بار یہ یقین دہانی کراتے رہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ پولیس کارکنان کو تشدد اور گرفتاریوں کا نشانہ بنا رہی ہے اور بانی پی ٹی آئی کا نام لینے پر حالات مزید خراب ہو جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اڈیالہ روڈ پر ریلی کے دوران 400 پولیس اہلکار موجود تھے اور جب نجم نامی بچے نے بانی کی رہائی کا نعرہ لگایا تو پولیس نے بدترین لاٹھی چارج کیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کارکنان پر تشدد کیا گیا اور خواتین کے ساتھ بھی کھینچا تانی کی گئی۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور عوام اپنا حق لے کر رہیں گے۔
عمران خان 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے پر پولیس کی جانب سے خوفزدہ ردعمل سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج صرف ایک دن کا نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو عوام کے حقوق کی واپسی تک جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کی اہم راہنما کیلئے خبر غم















