راولپنڈی( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تھانہ صادق آباد کی حدود میں واقع ایک نجی ہاؤسنگ پروجیکٹ کے تالاب میں گر کر پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ یہ دل دہلا دینے والا حادثہ اُس وقت پیش آیا جب معصوم زبیر کھیلتے ہوئے تالاب کے قریب پہنچا اور پھسل کر پانی میں جا گرا۔عینی شاہدین کے مطابق بچے کے والد یہ منظر دیکھ کر صدمے سے بے ہوش ہو گئے، جس کے بعد موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تالاب میں سرچ آپریشن شروع کیا اور کچھ ہی دیر میں پانچ سالہ زبیر کی لاش نکال لی۔ تاہم افسوس کہ بچہ دم توڑ چکا تھا۔واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہاؤسنگ پروجیکٹ کی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کیونکہ تالاب کے گرد نہ مناسب حفاظتی باڑ تھی اور نہ ہی کوئی وارننگ سائن آویزاں کیا گیا تھا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی غفلت پہلے بھی کئی قیمتی جانیں لے چکی ہے، مگر متعلقہ ادارے صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں :ایک ساتھ 4 چھٹیاں؟















