اہم خبریں

ایک ساتھ 4 چھٹیاں؟

لاہور ( اے بی این نیوز    ) فروری کے آغاز پر شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں چار دن کی طویل تعطیلات دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ تجویز منظور ہو گئی تو لاہور کے باسی مسلسل چار روز تک چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ذرائع کے مطابق بسنت کی تقریبات کے پیش نظر یہ منصوبہ زیرِ غور ہے تاکہ شہر میں سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ 5 فروری کو یومِ کشمیر کی سرکاری تعطیل پہلے ہی موجود ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو معمول کے مطابق ویک اینڈ کی چھٹیاں ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ جمعہ کے روز اضافی تعطیل دینے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں چار دن کا لانگ ویک اینڈ بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں بسنت کی تقریبات 6، 7 اور 8 فروری کو منعقد کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے، جس کے باعث شہر میں رش اور غیر معمولی سرگرمیوں کا امکان ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعطیلات کا بنیادی مقصد غیر ضروری موٹر سائیکل سواروں کی نقل و حرکت محدود کرنا اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق اگر تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے میں بھی سہولت ملے گی۔ تاہم انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ منظوری کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں :آئی فون صارفین کیلئے ناقابل یقین خوشخبری،ٹیکس میں چھوٹ ،جا نئے کتنی

متعلقہ خبریں