اہم خبریں

ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی 2 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

اسلام آباد(اے بی این نیوز)سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 81 لاکھ 98 ہزار 284 ویڈیوز حذف کی گئی ہیں۔

ٹک ٹاک کی تازہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کی نشاندہی اور حذف کے لیے اقدامات کیے، تاکہ عالمی صارفین کے لیے پلیٹ فارم پر بہتر اور محفوظ تجربہ یقینی بنایا جا سکے۔

اس سہ ماہی میں پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 2 کروڑ 81 لاکھ 98 ہزار 284 ویڈیوز حذف کی گئیں، جن میں سے 99.8 فیصد ویڈیوز خودکار نظام کے ذریعے شناخت کی گئی تھیں، اور 95.9 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔

ٹک ٹاک کے مطابق، خودکار ٹیکنالوجی زیادہ تر کام سنبھالتی ہے، جبکہ انسانی ٹیمیں ان معاملات پر توجہ مرکوز کرتی ہیں جہاں انسانی فیصلہ ضروری ہوتا ہے، جیسے اپیلوں کا جائزہ لینا، ماہرین کی رہنمائی شامل کرنا، اور بدلتی ہوئی صورتحال پر فوری ردعمل دینا۔

عالمی سطح پر بھی اسی سہ ماہی میں ٹک ٹاک نے مجموعی طور پر 20 کروڑ 40 لاکھ ویڈیوز حذف کیں، جو پلیٹ فارم پر اپلوڈ ہونے والے کل مواد کا تقریباً 0.7 فیصد بنتی ہیں۔

حذف شدہ ویڈیوز میں سے 18 کروڑ 66 لاکھ 8 ہزار 81 ویڈیوز خودکار نظام کے ذریعے نشاندہی کی گئیں، جبکہ مزید 89 لاکھ 50 ہزار 735 ویڈیوز کے بعد جائزہ لینے پر بحال کر دی گئیں۔ پیشگی حذف کرنے کی شرح 99.3 فیصد رہی، اور نشاندہی شدہ مواد میں سے 94.8 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹائی گئیں۔

اسی سہ ماہی میں، ٹک ٹاک نے اپنی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے 11 کروڑ 86 لاکھ 18 ہزار 399 جعلی اکاوٴنٹس حذف کیے، اور 2 کروڑ 22 لاکھ 26 ہزار 542 ایسے اکاوٴنٹس بھی ہٹائے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حذف شدہ ویڈیوز کا ایک نمایاں حصہ، یعنی 30 فیصد حساس یا بالغ مواد پر مشتمل تھا، جو ٹک ٹاک کی پالیسیوں کے خلاف تھا۔ اس کے علاوہ، 15.7 فیصد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کے تحفظ اور شائستگی کے معیار کی خلاف ورزی کی، جبکہ 2.7 فیصد ویڈیوز نے رازداری اور سیکیورٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی۔

مزید برآں، حذف شدہ ویڈیوز میں سے 32.9 فیصد کو غلط معلومات کے طور پر نشاندہی کی گئی، اور 34.4 فیصد ویڈیوز کو ترمیم شدہ میڈیا یا مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ مواد کے طور پر شناخت کیا گیا۔

ٹک ٹاک کی یہ کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ پلیٹ فارم نہ صرف مواد کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے بلکہ صارفین کے لیے شفاف اور محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے لیے بھی مکمل طور پر پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں۔بگ بیش میچ کے دوران اسٹیڈیم کے باہر آگ لگ گئی

متعلقہ خبریں