اسلام آباد ( اے بی این نیوز )خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں کے لیے موسم کی خطرناک پیش گوئی سامنے آ گئی ہے، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں کل شام سے مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
اس موسمی سسٹم کے باعث سوات، چترال، بونیر، شانگلہ، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور مردان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق پہاڑی علاقوں میں تیز بارش اور برف پگھلنے سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے، جو نشیبی آبادیوں کے لیے سنگین صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔
فلڈ کمیشن نے پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا اور تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ جانی اور مالی نقصان سے بچنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، حساس علاقوں کی نگرانی بڑھائی جائے اور ریسکیو ٹیموں کو ہر وقت تیار رکھا جائے۔
فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے کابل میں 22 سے 23 جنوری کے دوران پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، جس سے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ دریا کنارے رہنے والے افراد کو محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل کے لیے کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں، جبکہ مقامی سطح پر لوگوں کو آگاہی پیغامات کے ذریعے خبردار کیا جائے۔ سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران بالائی علاقوں کا سفر مؤخر کر دیں۔
آنے والے دنوں میں موسم مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، اس لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں :گرین لینڈ کا معاملہ،یورپی کمیشن کا بڑا فیصلہ















