اہم خبریں

موبائل ڈیٹا سروس معطل

کوئٹہ ( اے بی این نیوز     ) کوئٹہ میں اچانک موبائل ڈیٹا سروس کی معطلی نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ شہر بھر میں غیر اعلانیہ طور پر موبائل انٹرنیٹ بند کیے جانے کے بعد کاروباری سرگرمیاں، آن لائن کام، ڈیجیٹل ادائیگیاں اور طلبہ کی آن لائن تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا بند ہونے سے نہ صرف رابطے میں دشواری پیش آ رہی ہے بلکہ روزمرہ کے اہم کام بھی رک گئے ہیں۔ بینکنگ ایپس، رائیڈ ہیلنگ سروسز، فوڈ ڈیلیوری، آن لائن خریداری اور فری لانسنگ کرنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے انٹرنیٹ بند کرنا شہریوں کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔

ذرائع کے مطابق موبائل انٹرنیٹ سروس گرینڈ الائنس کے احتجاج کے پیش نظر بند کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شہر میں ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں کے باعث سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام کیا گیا ہے، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اگر سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سروس بند کی گئی ہے تو اس کی مدت کے بارے میں واضح معلومات فراہم کی جائیں تاکہ لوگ اپنے کاموں کی منصوبہ بندی کر سکیں۔ کاروباری طبقے کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا سروس کی بندش سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، کیونکہ آج کے دور میں زیادہ تر کاروبار آن لائن نظام پر انحصار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں :سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر پابندی ،صارفین مہنگی بجلی جلانے پر مجبور

متعلقہ خبریں