اہم خبریں

معروف مذہبی شخصیت انتقال کر گئیں

لاہور ( اے بی این نیوز     ) شیخ الحدیث جامعہ بنوری ٹاؤن مولانا قاری مفتاح اللہ انتقال کر گئے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مولانا قاری مفتاح اللہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت علمی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم ایک ثقہ عالم، کہنہ مشق مدرس، صاحبِ طرز خطیب، علمِ قرأت کے ماہر اور علومِ عقلیہ و نقلیہ کے جامع تھے۔ ان کے بقول قاری مفتاح اللہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مولانا قاری مفتاح اللہ کی پوری زندگی علومِ اسلامیہ کی خدمت اور اشاعت میں گزری۔ انہوں نے جامعہ بنوری ٹاؤن میں طویل عرصے تک تدریسی فرائض انجام دیے اور ہزاروں طلبہ ان کے علم و فیض سے مستفید ہوئے۔ ان کے شاگرد آج ملک بھر میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں، جو ان کی علمی وراثت کا عملی ثبوت ہیں۔
علمی حلقوں کے مطابق مولانا مرحوم نہ صرف ایک بلند پایہ استاد تھے بلکہ ایک مؤثر خطیب اور روحانی رہنما بھی تھے، جن کی گفتگو میں علم، حکمت اور اخلاص جھلکتا تھا۔ ان کی قرآنی علوم پر گہری دسترس اور تدریسی انداز نے انہیں ایک منفرد مقام دلایا۔

مولانا فضل الرحمان نے دعا کی کہ اللہ کریم مولانا قاری مفتاح اللہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی دینی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں اپنے شایانِ شان بدلہ عطا کرے۔انہوں نے مولانا مرحوم کے اہلِ خانہ، متعلقین، تلامذہ اور منتسبین سے بھی اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں :سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر پابندی ،صارفین مہنگی بجلی جلانے پر مجبور

متعلقہ خبریں