اہم خبریں

شاہ محمود قریشی کا جیل سے خط منظر عام پر آگیا،جا نئے کیا پیغام دیا

لاہور (اے بی این نیوز    )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب اسمبلی کے رکن ندیم قریشی کے نام خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے پنجاب پروٹیکشن آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ 2025 کے خلاف مؤثر اور مدلل مؤقف اختیار کرنے پر انہیں مبارکباد دی ہے۔شاہ محمود قریشی نے خط میں لکھا کہ پنجاب اسمبلی میں ندیم قریشی کی تقریر نہ صرف بروقت تھی بلکہ اس نے قانونی برادری کو ایک نکتے پر متحد کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قانون وکلاء، بار کونسلز اور آئینی حلقوں میں شدید تشویش کا باعث بنا۔

انہوں نے لکھا کہ حامد خان کی قیادت میں وکلاء کے دونوں گروپس اور احسن بھون کی قیادت میں پنجاب بار کونسل نے اس قانون کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ مزید یہ کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے بھی قانون کے ان حصوں کو معطل کر دیا ہے، جن کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو فیصلے کا اختیار دیا گیا تھا۔شاہ محمود قریشی نے اپنے خط میں اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پنجاب بار کونسل اس ایکٹ کے خلاف باقاعدہ تحریک چلانے پر غور کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اسمبلی کے اندر اور باہر اس معاملے پر آواز اٹھانا جمہوری جدوجہد کا حصہ ہے۔

انہوں نے ندیم قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ جس انداز میں آپ نے اسمبلی میں انتخابی مہم چلائی اور مؤقف پیش کیا، اس نے پارٹی قیادت اور کارکنان کو اطمینان دیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگرچہ وہ اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، لیکن سیاسی اور قانونی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ خط ان کے صاحبزادے زین قریشی نے ایم پی اے ندیم قریشی کے حوالے کیا۔

مزید پڑھیں :یکم شعبان کب ہو گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کر دیا،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں