اسلام آباد (اے بی این نیوز )ملک بھر میں سوشل میڈیا، خصوصاً واٹس ایپ گروپس پر گردش کرنے والے ایک وائرل پیغام نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے رہائشی بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ دیے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم تحقیقات کے بعد یہ دعویٰ مکمل طور پر جعلی اور فراڈ ثابت ہوا ہے۔
وائرل پیغام میں ایک ویب سائٹ”dastakpunjab.online” کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے بارے میں کہا گیا کہ شہری اپنی ذاتی معلومات فراہم کرکے اور فیس ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ادا کرکے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔ پیغام میں اس مبینہ سہولت کو ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم” سے جوڑتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا حصہ بھی قرار دیا گیا۔
تاہم پنجاب ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام نے ان تمام دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق dastakpunjab.online”کا حکومت پنجاب یا ٹریفک پولیس سے کوئی تعلق نہیں۔ سرکاری آن لائن سہولیات صرف “dastak.punjab.govt.pk”ے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، جو حکومت پنجاب کا مستند ڈومین ہے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے ترجمان محمد عثمان قریشی نے واضح کیا کہ مذکورہ ویب سائٹ کو پہلے ہی فراڈ قرار دے کر رپورٹ کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو لازمی طور پر ٹریفک پولیس مراکز میں خود پیش ہونا ہوتا ہے، جہاں بائیومیٹرک تصدیق، تصویر، ویڈیو ریکارڈنگ اور عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ یہ تمام مراحل آن لائن مکمل کرنا ممکن نہیں۔
ڈیجیٹل سیکیورٹی ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی جعلی ویب سائٹس عموماً شناختی کارڈ کی تفصیلات، موبائل نمبرز اور مالی معلومات چرانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں، جو بعد میں آن لائن فراڈ اور شناختی چوری کا سبب بن سکتی ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی سرکاری سہولت کے لیے صرف مستند سرکاری ویب سائٹس استعمال کریں اور مشکوک لنکس، جعلی پیغامات یا غیر معروف ادائیگی کی درخواستوں سے مکمل اجتناب کریں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ایسے فراڈی پیغامات کو فوراً رپورٹ کریں تاکہ دیگر افراد کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :آئندہ موسم کیسا رہے گا،بارش اور برفباری کی پیشین گوئی،کہا ں کہاں ہو گی،جا نئے















