اہم خبریں

خاران، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 12 فتنہ الہندوستان جہنم واصل

اسلام آباد (اے بی این نیوز)بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے خاران میں سیکیورٹی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے خاران میں سٹی پولیس اسٹیشن اور مختلف بینکوں کو نشانہ بنایا، جس دوران انہوں نے خوف و ہراس پھیلانے کی غرض سے فائرنگ کی اور بینکوں سے تقریباً 34 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خاران کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ مقابلوں کے دوران دہشتگردوں کو گھیرے میں لے کر ہلاک کیا۔ بروقت ردعمل کے باعث دہشتگرد پسپا ہونے پر مجبور ہوئے اور کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ اس کارروائی کے بعد سوشل میڈیا پر بھی سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا جا رہا ہے اور عوام کی جانب سے فورسز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں :موسم، جانئے کب بارش اور کب برفباری ہو گی

متعلقہ خبریں