اسلام آباد ( اے بی این نیوز )تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 8 فروری 2026 کو ملک گیر ہڑتال کی باضابطہ کال دے دی ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ہڑتال انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کی مبینہ پامالی کے خلاف کی جائے گی، جس کا مقصد آئین، جمہوریت اور انصاف کے تحفظ کا واضح پیغام دینا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تحریک کی مرکزی کوآرڈینیشن و ایڈمن کمیٹی ہڑتال کی مکمل نگرانی، رابطہ کاری اور انتظامی امور کی ذمہ دار ہوگی۔ یہ کمیٹی تمام صوبائی اور علاقائی کمیٹیوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں رہے گی اور ہڑتال کی تیاریوں، پیش رفت اور نتائج کا مسلسل جائزہ لے گی۔
کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات بھی اسی کمیٹی کے تحت یقینی بنائے جائیں گے۔تحریک نے تمام صوبائی، علاقائی اور ضلعی کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہڑتال کو مؤثر بنانے کے لیے بھرپور احتجاجی مہم چلائیں، شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی منظم منصوبہ بندی کریں اور عوامی شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں تاجروں، مزدوروں، طلبہ، وکلاء اور مختلف پیشہ ورانہ تنظیموں سے فوری رابطہ قائم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہر صوبائی اور ریجنل کمیٹی اپنے علاقے کی صورتحال کے مطابق حکمت عملی ترتیب دے گی، جبکہ تمام کمیٹیاں مرکزی مانیٹرنگ سیل کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی تاکہ ہم آہنگی برقرار رہے۔ ہڑتال کے دوران نظم و ضبط اور مؤثر نگرانی کو بھی اہم ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ہڑتال مکمل طور پر پرامن ہوگی اور اس کی ذمہ داری تمام شرکاء پر عائد ہوتی ہے۔ اعلامیے میں ملک بھر کی شہری تنظیموں، سماجی حلقوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس ہڑتال میں بھرپور حصہ لے کر آئین، جمہوریت اور انصاف کے حق میں متحد آواز بلند کریں۔
مزید ]پڑھیں :ایران سے اسرائیل ڈر گیا، جنگ کیسے رکی،نیو یارک ٹائمز نےاندر کی کہانی بتادی،جا نئے کیا















