اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی دارالحکومت میں ایم ٹیگ حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے دو ایم ٹیگ سینٹرز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ڈی جی ایکسائز کے مطابق 26 نمبر چونگی اور سترہ میل (پھگراں) ٹول پلازہ پر قائم ایم ٹیگ مراکز اب 24/7 سروس فراہم کریں گے، تاکہ شہری دن یا رات کسی بھی وقت اپنی گاڑی کے لیے ایم ٹیگ حاصل کر سکیں۔
عرفان میمن نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کے دیگر علاقوں میں قائم ایم ٹیگ کاؤنٹرز کے اوقات کار میں بھی نمایاں توسیع کی گئی ہے۔ کچنار پارک سکیٹر، سیکٹر I-8 اور سیکٹر F-9 پارک میں قائم ایم ٹیگ کاؤنٹرز اب رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا، اس لیے شہری آخری لمحات کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر ایم ٹیگ لگوا لیں۔
ڈی جی ایکسائز کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایم ٹیگ کے حصول میں درپیش مشکلات کو کم کرنا، موٹرویز اور ٹول پلازہ پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کو مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے فیصلے سے عوام کو واضح سہولت ملے گی اور ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری آئے گی۔
مزید پڑھیں :شدید بارشیں،برفباری کا خدشہ ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ نافذ















