لاہور (اے بی این نیوز )پنجاب میں سردی کی شدت برقرار ہے اور اسی تناظر میں اسکولوں کی چھٹیوں میں مزید اضافے سے متعلق سوالات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ تاہم صوبائی حکومت نے اس حوالے سے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے موسمِ سرما کی تعطیلات میں مزید توسیع سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید سردی کے باوجود آئندہ ہفتے کے لیے اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ والدین اور صحافی دونوں حیثیتوں میں عوام کی تشویش بجا ہے، مگر محکمہ ماحولیات اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر موسم کی پیش گوئیوں اور درجہ حرارت کے اعداد و شمار کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔ ان پیش گوئیوں کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت گوجرانوالہ میں درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ مری میں منفی درجہ حرارت موجود ہے۔ اس کے باوجود بچوں اور اساتذہ کی صحت اور حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔وزیر تعلیم کے مطابق تمام عوامل کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگلے ہفتے کے لیے موسمِ سرما کی چھٹیوں میں کوئی توسیع نہیں ہوگی اور پنجاب بھر میں اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔
مزید پڑھیں :















