اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاکستان پُرامن اور مستحکم ایران کا خواہاں، قیام امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ پاکستان ایران میں جاری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایران کے مسائل کے پُرامن حل کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پُرامن اور مستحکم ایران پورے خطے کے مفاد میں ہے اور امید ہے کہ ایران جلد اپنے موجودہ بحران پر قابو پا لے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی ہم منصب کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں ایران، مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایران میں مظاہروں کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ظلم و جبر اور نفرت انگیز بیانیہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی اور تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اس وقت بحرین کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی بحرینی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان کا موقف پیش کیا اور صومالی لینڈ سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا، اجلاس میں وزیر خارجہ نے اسرائیل کی سیاسی جارحیت کی بھی سخت مذمت کی اور واضح کیا کہ صومالیہ کی خودمختاری پر کسی قسم کا حملہ قابل قبول نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ امیگرنٹس پالیسی کے حوالے سے پاکستان امریکا کے ساتھ رابطے میں ہے، جبکہ امریکا اپنی ویزا پالیسی پر نظرثانی کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں۔چاہتا ہوں کہ ہر پولیس افسر کی تنخواہ بہتر ہو، وفاقی وزیر داخلہ















