اہم خبریں

گیس کی لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول سامنے آگیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی نے گھریلو صارفین کو گیس کی بہتر اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے گزشتہ دو ہفتوں سے اتوار کو صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی بند رکھنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

کمپنی ترجمان کے مطابق یہ اقدام بڑھتی ہوئی گھریلو گیس طلب اور نظام پر دباؤ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ اتوار کوصنعتوں کو گیس کی بندش کا فیصلہ گیس سسٹم کے مکمل معائنے کے بعد کیاجاتا ہے تاکہ گھریلو صارفین کو صبح اور شام کے اوقات میں مناسب پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جاسکے۔

ترجمان سوئی سدرن کے مطابق موجودہ حالات میں گھریلو صارفین کو ترجیح دینا ناگزیر ہوچکا ہے۔ سوئی سدرن کے مطابق سردی کے موسم میں گھریلو گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث گیس سسٹم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، ایسی صورتحال میں صنعتوں کیلئے اتوار کے روز گیس کی عارضی بندش کو ایک انتظامی اور توازن برقرار رکھنے والا اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اگر آنے والے دنوں میں گیس کی طلب میں مزید اضافہ ہوا تو صنعتوں کو گیس کی فراہمی ہفتے کے روز بھی منقطع کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے، تاہم ترجمان کے مطابق فی الحال صنعتوں کیلئے اتوار کے علاوہ ہفتے کے روز گیس بندش کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں۔پارٹی اختلافات، خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کا فیصلہ مؤخر

متعلقہ خبریں