واشنگٹن (اے بی این نیوز ) امریکی محکمہ خارجہ نے 75 ممالک کے شہریوں کیلئے امیگرنٹ ویزا پراسس روکنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد مختلف خطوں میں بسنے والے افراد میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ان 75 ممالک کے امیگرنٹس امریکی عوام کے ٹیکسز کی رقم سے مختلف سہولیات سے استفادہ کر رہے تھے، جس کے پیشِ نظر امیگرنٹ ویزا پراسس عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان، افغانستان اور ایران کیلئے امیگرنٹ ویزا پراسس روک دیا گیا ہے۔ اسی فہرست میں صومالیہ اور روس بھی شامل ہیں، جہاں سے امریکا منتقل ہونے کے خواہشمند افراد کو اب نئے ویزا پراسس کا سامنا نہیں ہوگا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ برازیل، نائیجیریا اور تھائی لینڈ کے شہریوں کیلئے بھی امیگرنٹ ویزا پراسس معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عراق، اردن اور قازقستان بھی ان ممالک میں شامل ہیں جن پر یہ پابندی لاگو ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق کویت، کرغزستان، لبنان، لیبیا اور نیپال کے شہریوں کیلئے بھی امیگرنٹ ویزا پراسس روک دیا گیا ہے، جب کہ فہرست میں کانگو، روانڈا، سوڈان، شام، تنزانیہ اور ازبکستان جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق 21 جنوری 2026 سے ہو گا۔ اس اعلان کے بعد متعلقہ ممالک کے شہریوں میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے، جب کہ امیگریشن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم امریکی امیگریشن پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں 8 فروری کی کال علیمہ خان نے نیا پنڈوڑا باکس کھول دیا،جا نئے کیا















